What is Affiliate Marketing? How to Make Money with Affiliate Marketing? In Urdu (اردو)

افیلیٹ مارکیٹنگ کیا ہے۔ افیلیٹ بلاگ سے کیسے کمایا جاتا ہے؟

آپ نے کبھی کسی کی کوئی بھی چیز بکوانے میں اس کی مدد کی ہے؟ اگر نہیں کی تو کرنا سیکھیں۔ کیونکہ جب آپ آن لائن کسی اور کی پراڈکٹ کو بکواتے ہیں تو آپ اچھا خاصا کمیشن کما سکتے ہیں۔ یہی افیلیٹ مارکیٹنگ کہلاتی ہے۔

افیلیٹ مارکیٹنگ ڈیجیٹل مارکیٹنگ کا ایک حصہ ہے جس میں کسی دوسرے شخص یا کمپنی کی چیز بیچ کر کمیشن کمایا جاتا ہے۔ جو چیز آپ بکواتے ہیں وہ فزیکل پراڈکٹ بھی ہو سکتی ہے اور ڈیجیٹل پراڈکٹ بھی ہو سکتی ہے۔ یعنی گھریلو استعمال کی اشیاء بھی اور سافٹور وغیرہ بھی۔

آج کل آپ کو مختلف ویب سائٹس کی طرف سے ایک مخصوص لنک ملتا ہے جسے آپ لوگوں کے ساتھ شیئر کرتے ہیں، اور اگر اس لنک پر کلک کر کے کوئی بھی شخص کچھ خرید لیتا ہے تو آپ کو کمیشن مل جاتا ہے۔

افیلیٹ مارکیٹنگ کا طریقہ کار:

آپ افیلیٹ پروگرام جوائن کر کے اپنا افیلیٹ لنک حاصل کرتے ہیں، اور وہ لنک مختلف طریقوں سے لوگوں کو بھیجتے ہیں۔

ایک انسان آپ کے لنک پر کلک کر کے افیلیٹ پروگرام کی ویب سائٹ پر موجود پراڈکٹ پر جاتا ہے۔

اگر وہ انسان وہاں سے کچھ خرید لے تو وہ آپ کے افیلیٹ لنک کے ذریعے ان کا کسٹمر بن جاتا ہے۔

افیلیٹ پراگرام مہیا کرنے والے خریداری کی ادائیگی کی تصدیق کرتے ہیں جو کہ آج کل آٹومیٹک طریقے سے کیا جاتا ہے۔

جس افیلیٹ لنک سے خریداری ہوتی ہے اس لنک کے مالک کو کمیشن دے دیا جاتا ہے۔ یعنی آپ کو پیسے ملتے ہیں۔

افیلیٹ مارکیٹنگ تین طرح سے کی جا رہی ہے:

پہلی قسم کی افیلیٹ مارکیٹنگ میں وہ لوگ ہوتے ہیں جو کسی بھی کمپنی یا فرد کی پراڈکٹ میں کوئی خاص دلچسپی نہیں رکھتے۔ پراڈکٹ کی تصاویر اور دیگر معلومات کو ملا کر ایک اشتہار بنایا جاتا ہے اور پھر اسے سوشل میڈیا وغیرہ پر لوگوں کے ساتھ شیئر کر دیا جاتا ہے۔ ایسی مارکیٹنگ میں مختلف افیلیٹ پروگرامز کی پراڈکٹس کو بیچا جاتا ہے۔ کسی ایک ہی کمپنی کے لیے سارا دن مارکیٹنگ نہیں کی جاتی۔ پراڈکٹس کی اقسام بھی مختلف ہو سکتی ہیں جو موجودہ ٹرینڈ کے حساب سے ہوتی ہیں۔

دوسری قسم کی افیلیٹ مارکیٹنگ وہ لوگ کرتے ہیں جو بہت محنتی ہونے کے ساتھ ساتھ بہت زیادہ ذہین بھی ہوتے ہیں۔ وہ جس چیز میں بہت زیادہ تجربہ رکھتے ہیں اس فیلڈ میں کافی مشہور ہو جاتے ہیں۔ جیسے بڑے بڑے یوٹیوبرز، انفلوئینسرز، بلاگرز اور آرٹسٹ وغیرہ۔ جس فیلڈ میں یہ لوگ مشہور ہوتے ہیں اسی کے مطابق پراڈکٹس کا انتخاب کرتے ہیں۔ کسی بھی کمپنی کی پراڈکٹ کا انتخاب کر لیا جاتا ہے مگر یہ خیال رکھا جاتا ہے کہ اس پراڈکٹ کے متعلق ان کے پاس اچھا خاصا نالج بھی ہو اور وہ پراڈکٹ اچھے معیار کی بھی ہو۔ صرف معیاری پراڈکٹ کے بارے میں لوگوں کو بتایا جاتا ہے اور افیلیٹ لنکس کے ذریعے ایک اچھی پراڈکٹ بکوائی جاتی ہے۔

یہاں یہ ضروری نہیں ہوتا کہ آپ نے خود وہ پراڈکٹ استعمال کی ہے یا نہیں کی۔ ایسے افیلیٹ مارکیٹرز بہت زیادہ کماتے ہیں۔

تیسری قسم کی افیلیٹ مارکیٹنگ میں ایسے لوگ ہوتے ہیں جو ایسی پراڈکٹ کی مارکیٹنگ کرتے ہیں جسے وہ خود استعمال کرتے ہیں۔ وہ اپنے تجربات شیئر کرتے ہیں اور اپنے فالورز، ویوورز اور ریڈرز کو اس پروڈکٹ کے بارے وہ سب بتاتے ہیں جو انہوں نے خود محسوس کیا ہوتا ہے۔

آج کل سچ اور جھوٹ میں پہچان کرنا کافی مشکل کام ہے۔ پیسے کی خاطر بڑے بڑے نامور لوگ ایسی ایسی پراڈکٹس کو مشہور کروا دیتے ہیں جو استعمال کرنے والوں کے لیے انتہائی نقصان دہ ہوتی ہیں۔ آپ جب بھی افیلیٹ مارکیٹنگ کریں تو اس بات کا خیال رکھیں کہ بے شک آپ کا کمیشن کم ہو مگر جو پراڈکٹ آپ بکوائیں وہ معیاری ہوں، تاکہ آپ لمبے عرصے تک اپنا ایک اچھا مقام قائم رکھ سکیں۔

افیلیٹ مارکیٹنگ اور بلاگنگ:

پراڈکٹس کو بیچنا ایک بہت ہی مشکل کام ہوتا ہے۔ اگر صرف سوشل میڈیا پر اشتہارات دینے سے پراڈکٹ بکتی تو بلاگ اور ویب سائٹ نہ بنائی جاتی۔

ایک حقیقت بتاتا ہوں۔ سوشل میڈیا کا اصل مقصد لوگوں کو ایک دوسرے سے ملانا ہے۔ کاروبار کا رشتہ ہو یا دوستی کا، آپ کو دوسروں کے ساتھ سوشل ہونے کے لیے یہ پلیٹ فارم بنائے گئے ہیں۔ اگر آپ اپنی ایک اچھی اور سچی پہچان بنا لیں گے تو کوئی آپ کا اعتبار بھی کرے گا، ورنہ ہزاروں لاکھوں لوگ فیس بک پر طرح طرح کے لنک شیئر کرتے رہتے ہیں جنہیں کوئی نہیں پوچھتا۔

بلاگ ایک ویب سائٹ ہوتی ہے جو ایک خاص ٹاپک پر بنائی جاتی ہے۔ جیسے یہ ویب سائٹ بھی ایک بلاگ ہے جہاں صرف آن لائن ارننگ کے متعلق میٹیریل موجود ہے۔ بلاگ پڑھنے والوں کو پتہ ہوتا ہےکہ فلاں بلاگ پر کس ٹاپک پر ڈیٹا ملتا ہے۔ جو ویب سائٹ کسی کو پسند ہوتی ہے وہ اسے یاد رکھ لیتا ہے اور ضرورت کے وقت صرف اسی پر جاتا ہے۔ اسے کوئی بھی چیز خریدنے میں مدد چاہئے تو وہ بھی مل جاتی ہے، ساتھ ہی وہ چیز خریدنے کے لیے لنک بھی مل جاتا ہے جو ایک افیلیٹ لنک ہو سکتا ہے۔ وہ انسان کچھ بھی خرید لے گا اور بلاگ کے مالک کو کمیشن مل جائے گا۔

بلاگ پر افیلیٹ مارکیٹنگ بہت اچھے طریقے سے ہوتی ہے۔ یہاں آپ کی ایک الگ پہچان بن جاتی ہے۔ جو آپ کے بلاگ پر آتا ہے اسے آپ اچھے سے اچھا کانٹینٹ (مواد) پڑھنے کو دیتے ہیں تو وہ آپ سے چاہے کبھی بھی نہ ملا ہو مگر اس کی آپ سے دوستی ہو جاتی ہے۔

میں آپ کو ایک مشورہ دوں گا کہ جب آپ بلاگ بنانا شروع کریں گے تو آپ کو اپنے آپ سے یہ عہد کرنا ہو گا کہ چاہے افیلیٹ مارکیٹنگ میں کمیشن کم ملے یا بہت دیر سے ملے، مگر آپ کے بلاگ کا کانٹینٹ معیاری ہو گا، اور جو پراڈکٹ آپ لوگوں کو بتائیں گے وہ سب سے معیاری پراڈکٹس میں سے ایک ہو گی۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ اگر آپ نے ایک بار بھی غلط پراڈکٹ کسی کو بکوا دی تو آپ اپنی ساکھ کھو بیٹھیں گے۔ ایمانداری سے چلیں، مخلص ہو کر کام کریں اور لوگوں کو عملی طور پر یہ یقین دلائیں کہ آپ جو چیز کسی کو خریدنے کا مشورہ دے رہے ہیں اس سے بہتر مشورہ شائد کوئی اور نہ دے سکے۔ یہ تب ہی ممکن ہو گا جب آپ ایمانداری کے ساتھ بلاگ پوسٹ لکھیں گے۔

افیلیٹ مارکیٹنگ کے بارے میں آپ کو سمجھ آچکی ہو گی۔ آپ بلاگ بنانے کے لیے تیار ہو جائیں اور آنے والی پوسٹوں کو ضرور پڑھیں۔

ایک گزارش:

آج کل بلاگز پڑھنے کا رواج بہت کم ہے۔ لوگ یوٹیوب پر واچ ٹائم اور سبسکرائبر کی دوڑ میں شامل ہو چکے ہیں۔ اگر کوئی اس قسم کی چیز لکھنے بھی لگے تو اس کا سارا کانٹینٹ چوری کر کے کچھ لوگ اپنے نام سے آگے بیچ دیتے ہیں۔ اس لیے کوشش کریں کہ جہاں بھی آپ کو اچھا اور معیاری مواد پڑھنے کو ملے اسے اصل رائٹر کے نام کے ساتھ آگے شیئر کریں۔ شکریہ۔

اگلی پوسٹ: بلاگ کی نیش کیا ہوتی ہے؟ بلاگ کی نیش کو کیسے منتخب کیا جاتا ہے؟

Post a Comment

Post a Comment (0)

Previous Post Next Post

Share My Website with Your Friends