Three Types of Blogging. Which type of blogging is easy? In Urdu (اردو)

بلاگ کی تین اقسام - افیلیٹ مارکیٹنگ اور بلاگنگ

آپ افیلیٹ مارکیٹنگ میں کتنی محنت کرنا چاہتے؟ بہت تھوڑی، مناسب، یا بہت زیادہ؟

بلاگ پر آپ نے جو کانٹینٹ لکھنا ہے وہ آسان بھی ہو سکتا ہے اور مشکل بھی۔ آپ کی انگلش لکھنے کی سکل جتنی اچھی ہو گی اتنی آسانی سے آپ ایک اچھی بلاگ پوسٹ لکھ سکیں گے۔

چلیں ہم بلاگ کو کانٹینٹ کے لحاظ سے تین اقسام میں تقسیم کر کے سمجھتے ہیں کہ آپ افیلیٹ مارکیٹنگ کے لیے جو بلاگ بنائیں گے وہ کس قسم کا ہو گا یعنی اس کا کانٹینٹ کس قسم کا ہو گا۔

میں اس وقت بلاگ کے کانٹنٹ کو تین طرح سے لکھنے کی بات کر رہا ہوں۔ بلاگ کی نیش ایک الگ چیز ہے، بلاگ کے لیے نیش منتخب کرنا بھی اکثر لوگوں کے لیے مشکل ہو جاتا ہے۔ اگر آپ کا بھی یہی مسئلہ ہے تو یہاں کلک کر کے بلاگ کی نیش منتخب کرنا سیکھیں۔ اگر آپ نے نیش منتخب کرلی ہے تو اب بلاگ پر جو لکھنا ہے، اس پر بات کرنے لگے ہیں۔

پہلے میں آپ کو چار کیٹیگری کے لوگوں کے بارے میں بتاتا ہوں جو آن لائن کام کرنا چاہتے ہیں۔ آپ ان میں سے کون سے والے ہیں، یہ جان لیں۔

پہلی کیٹیگری کے لوگ:

آپ نے اچھی خاصی تعلیم حاصل کی ہے۔ آپ یونیورسٹی میں لیکچرز لے چکے ہیں۔ آپ کو انگلش بہت اچھی آتی ہے۔ آپ کے پاس مضامین لکھنے کا ہنر ہے۔ آپ انٹرنیٹ پر ریگولر بلاگز پڑھتے ہیں۔ آپ کسی ایک فیلڈ میں اتنے ماہر ہیں کہ اس کے متعلق پوری کتاب تک لکھ سکتے ہیں۔ آپ نے پروفیشنل طریقے سے مختلف لوگوں اور کمپنیز کے ساتھ کام کیا ہے، چاہے آفس جا کر چاہے آن لائن۔ ہوسکتا ہے آپ باہر کے ممالک میں جا چکے ہوں، یا شاید نہ جانے کے باوجود دلچسپی رکھتے ہوں۔ ہو سکتا ہے آپ کے پاس نالج اور ہنر ہو مگر مصروفیت کے باعث آن لائن کام شروع نہ کر سکے ہوں یا آپ کو دیر سے اس کی اہمیت کا پتہ چلا ہو۔ یہ بھی ہو سکتا ہے کہ آپ بڑی کلاسوں کو پڑھانے کا تجربہ رکھتے ہوں۔ کچھ بھی ہو مگر آپ کی انگش بہترین ہے اور آپ کے پاس نالج اور ہنر بہت زیادہ ہے۔

دوسری کیٹیگری کے لوگ:

آپ کی انگلش بہت زیادہ اچھی نہیں ہے مگر اتنی ہے کہ آپ آن لائن کسی سے بھی انگریزی لکھ کر باتیں کر سکتے ہیں۔ آپ کی تعلیم بھی مناسب ہے۔ آپ نے سائنس کے مضامین پڑھے ہیں۔ انٹرمیڈیٹ اور گریجوائشن میں آپ کے زیادہ تر اختیاری مضامین انگلش میں ہی تھے۔ آپ انٹرنیٹ پر ویب سائٹس اور بلاگز وغیرہ کو پڑھتے رہتے ہیں۔ آپ انگلش مضامین اچھے سے لکھ نہیں سکتے مگر آپ کو ٹرانسلیشن وغیرہ کر کے ایک اچھا مضمون لکھنا آتا ہے۔ آپ مضمون نویسی میں ماہر نہیں ہیں مگر ضرورت کے وقت یہ سارے کام کرنا جانتے ہیں۔

تیسری کیٹیگری کے لوگ:

آپ انگلش میں بالکل بھی اچھے نہیں ہیں۔ بے شک آپ نے آرٹس کے مضامین کے ساتھ ایف اے یا  شاید بی اے بھی پاس کر لی ہے مگر ڈگری ہونے کے باوجود آپ کو معلوم ہے کہ اگر آپ کو ایک مضمون لکھنے کے لیے دے دیا جائے، تو یہ آپ کے لیے دنیا کا مشکل ترین کام بن جائے گا۔ آپ نے انٹرنیٹ پر صرف سوشل میڈیا پر چیٹ کی ہے یا ضرورت کے وقت بورڈ یا یونیورسٹی کی ویب سائٹس کو دیکھا ہے۔ شاید کبھی کبھار کوئی نوکری کے اشتہار ڈھونڈنے کے لیے گوگل استعمال کر لیا ہو۔ آپ انٹرنیٹ کو زیادہ تر انٹرٹینمنٹ کے لیے استعمال کرتے ہوں یا شاید صرف یوٹیوب ویڈیوز سے کچھ نالج اکٹھا کرتے رہتے ہوں۔

چوتھی کیٹیگری کے لوگ:

آپ کی تعلیم بھی کم ہے اور آپ کی انگلش بھی بالکل معمولی سی ہے۔ شاید آپ نے میٹرک یا ایف اے کی ہے۔ انٹرنیٹ پر آپ بس اردو زبان میں ہی سب کچھ سیکھ اور سمجھ سکتے ہیں۔ بے شک آپ کے دل میں آن لائن کمانے کی چاہت ہے مگر آپ کے پاس انگلش کی سکل اور ضروری آن لائن سکلز نہیں ہیں۔ آپ سوشل میڈیا پر پیسے کمانے کے اشتہار وغیرہ دیکھتے ہیں تو ان سے رابطے کی کوشش کرتے رہتے ہیں لیکن آپ کو صحیح کام نہیں ملتا۔

بس یہ چار اقسام ہیں۔ آپ ان میں سے یہ دیکھیں کہ آپ کس قسم میں شامل ہو رہے ہیں۔ ان میں سے کسی بھی کیٹیگری کی ساری باتیں آپ میں نہیں ہو سکتیں مگر صرف آپ کو سمجھانے کے لیے اشارہ دے کر لکھا ہے۔ آپ میں جس قسم کی باتیں زیادہ ہیں آپ خود کو اسی کیٹیگری میں سمجھ لیں۔

ان چار کیٹیگریز میں سے افییلیٹ بلاگ کون بنا سکتے ہیں؟

دیکھیں۔ میں کسی کا حوصلہ نہیں توڑنا چاہتا اور سچ کو چھپانا بھی نہیں چاہتا۔ ہاں! چاروں کیٹیگریز کے لوگ بلاگ تو بنا سکتے ہیں مگر افیلیٹ مارکیٹنگ میں کامیاب ہونا ہے تو آپ کو کم سے کم پہلی دو کیٹیگریز میں آنا ہو گا۔ اوپر بتائی گئی پہلی دو کیٹیگری کے لوگ آسانی سے افیلیٹ بلاگ بنا سکتے ہیں۔

اگر آپ تیسری کیٹیگری میں ہیں تو آپ بلاگ شروع کرتے ہی اپنی انگلش لینگوئج کو امپروو کرنا شروع کردیں، اور بلاگ کانٹینٹ لکھنے کے لیے آن لائن ریسرچ کرکے نالج میں اضافہ کرنا شروع کر دیں۔ پھر کہہ رہا ہوں جتنا ہو سکے انگلش پر توجہ دیں، انٹرنیٹ پر زیادہ سے زیادہ انگلش بلاگز کو پڑھنا شروع کریں۔ آہستہ آہستہ آپ اوپر والی کیٹیگری میں آجائیں گے۔

اگر آپ نے بلاگ بنا لیا لیکن اپنی سکلز کو امپروو نہ کیا، خاص طور پر انگلش پر توجہ نہ دی تو آپ کے لیے بلاگ لکھنا مشکل ہو جائے گی۔

ہاں! آپ اردو میں کام کر سکتے ہیں مگر میں اس کورس میں انٹرنیشنل لیول پر افیلیٹ مارکیٹنگ اور بلاگ بنانا سکھا رہا ہوں، اس لیے یہ کام آپ کے لیے تب ہی ممکن ہو گا جب آپ انگلش میں بلاک کے لیے اچھا کانٹینٹ لکھنا سیکھ جائیں گے۔

اگر آپ چوتھی کیٹیگری میں ہیں تو آپ کو کافی عرصہ اپنے آپ کو بہتر بنانے میں لگے گا۔ یہ سیریز آپ پڑھ رہے ہیں تو آپ کو اس کا بہت فائدہ ہوگا کیونکہ ہو سکتا ہے کہ آپ نے ایک بار ٹھان لی کہ میں نے افیلیٹ مارکیٹنگ کرنی ہے، بلاگنگ کرنی ہے، انگلش سیکھنی ہے، پیسہ کمانا ہے تو اس دنیا میں ناممکن نام کی تو کوئی چیز موجود نہیں ہے۔ یہ سیریز بھی مفت ہے اور بلاگ بنانا بھی مفت ہے، پیسے تو لگنے نہیں ہیں۔ میں نے یہ سیریز اردو میں اسی لیے رکھی ہے تاکہ سب سیکھ سکیں اور جس کے دل میں لگن ہو وہ پریکٹیکلی محنت کر کے کام شروع کر لے۔

بلاگ کی تین اقسام اور پہلی تین کیٹیگریز کے لوگ۔

بلاگ کی جو تین اقسام میں نے تقسیم کر کے بنائی ہیں ان میں پہلے بتائی گئی چار کیٹیگریز میں سے پہلی تین کیٹیگری کے لوگ شامل ہیں۔

1۔ پہلی قسم - مشکل بلاگ:

میں نے جو سب سے پہلی کیٹیگری کے لوگوں کے بارے میں لکھا ہے، وہ مشکل قسم کی بلاگنگ میں ہاتھ ڈالنے کی ہمت کر سکتے ہیں۔ اس قسم کی بلاگنگ میں بہت تخلیقی صلاحیتیں استعمال ہوتی ہیں۔ مثال کے طور پر ایک کورس بنانا، کچھ نئے آئیڈیاز دنیا کو متعارف کروانا۔

اس طرح کے بلاگ میں جو کانٹینٹ لکھا جاتا ہے وہ بہت ریسرچ کے بعد لکھا جاتا ہے۔ اگر آپ نے یونیورسٹی کے تھیسز وغیرہ لکھے ہوں گے تو آپ میری بات کا مطلب اچھے سے سمجھ گئے ہوں گے۔ منفرد کانٹینٹ لکھنا، بچاس ساٹھ بڑے بڑے آرٹیکل پڑھ کر اس کا نچوڑ چند صفحات پر لکھنا بہت محنت طلب کام ہوتا ہے۔

ایسے بلاگ لکھنے والے صرف افیلیٹ مارکیٹنگ کی حد تک نہیں رہتے بلکہ انہیں مینٹورشپ اور ویبینارز وغیرہ پر انوائٹ کیا جاتا ہے جہاں انہیں لاکھوں روپے گھنٹے کے حساب سے ملنے لگتے ہیں۔ صرف ایک بار انہیں اپنی پہچان بنانی ہوتی ہے اور دنیا کو بتانا ہوتا ہے کہ میں فلاں سکل میں ایک ماہر پروفیشنل انسان ہوں یا ایک بلاگر ہوں۔

ایک غلط فہمی اور اس کا جواب:

اگر آپ سوچ رہے ہیں کہ دوسروں کی ویب سائٹ سے کانٹینٹ کاپی کر کے اپنا زبردست بلاگ بنایا جا سکتا ہے تو آپ غلط ہیں۔ اگر ایسا ہوتا تو شاید میں آپ کے لیے یہ والی سیریز لے کر نہ آتا۔ ہر بندہ بڑی بڑی ویب سائٹ سے کانٹینٹ کاپی پیسٹ کر کے بلاگ بنا رہا ہوتا۔

انٹرنیٹ پر جیسے یوٹیوب ویڈیوز کا کاپی رائٹ ہوتا ہے، ایسے ہی بلاگ کا بھی کاپی رائٹ ہوتاہے۔ فی الحال فوری طور پر ایسے بلاگز کو بند نہیں کیا جاتا مگر کوئی رائیٹر چاہے تو لیگل طریقے سے اپنے کانٹینٹ کا کاپی شدہ میٹیریل شائع کرنے والی ویب سائٹ کو گوگل سرچ سے ڈیلیٹ کرواسکتا ہے۔ اسے صرف آن لائن ایک مفت فارم فل کرنا پڑے گا اور کچھ دن کے اندر گوگل ایکشن لے لے گا۔ ایک بار گوگل سرچ سے کوئی بلاگ یا ویب سائٹ ڈیلیٹ ہو گئی تو سمجھیں وہ بے کار ہو جائے گی۔

2۔ دوسری قسم - آسان بلاگ:

کچھ بلاگ بہت آسانی سے لکھے جاتے ہیں، یعنی ان کا کانٹینٹ بہت آسان سا ہوتا ہے۔
مثال کے طور پر آپ نے انٹرنیٹ پر جاب ایڈز کی ویب سائٹ دیکھی ہوں گی۔ ان میں کیا ہوتا ہے؟ وہ لوگ اخباروں سے اشتہار وغیرہ نکال لیتے ہیں اور اشتہار کی فوٹو بلاگ پوسٹ میں لگا دیتے ہیں۔ ساتھ آخری تاریخ، آسامیوں کی تعداد، تعلیم کی حد اور عمر وغیرہ لکھ دیتے ہیں۔ بالکل آسان سا کام کرتے ہیں۔ زیادہ دماغ نہیں لگاتے۔ کماتے وہ بھی بہت ہیں مگر افیلیٹ مارکیٹنگ سے نہیں بلکہ ایڈورٹائزمنٹ سے۔ افیلیٹ مارکیٹنگ ایسے بلاگز پر بہت مشکل ہوتی ہے۔

اسی طرح، تعلیمی اداروں کی نوٹیفیکیشن، باہر ممالک میں جاب وغیرہ اور دیگر اسی طرح کی نیوز وغیرہ کے بلاگ بھی آسانی سے بنائے جا سکتے ہیں۔ ایسے بلاگ پر گوگل ایڈسنس یا اور کسی کمپنی کے اشتہارات لگا کر اچھا خاصا پیسہ کمایا جا سکتا ہے۔

دیکھیں! افیلیٹ مارکیٹنگ کا تعلق آپ کے بلاگ ریڈرز کے ارادوں سے ہے۔

اگر بلاگ پڑھنے والا نوکری کی تلاش میں ہے تو وہ ایک نوکری کا اشہتار پڑھے گا اور کچھ خریدے گا نہیں۔ ہاں اگر بلاگ پوسٹ پر گوگل ایڈسنس کا کوئی ایسا ایڈ لگا ہے جس میں نوکری کی آفر ہے، اور وہ ریڈر اس پر چلا جاتا ہے تو بلاگ کے مالک کو کچھ پیسے مل جاتے ہیں۔ بہت تھوڑے تھوڑے پیسے ملتے ہیں۔ ہزاروں کلک کرنے کے بعد چند ڈالر اکٹھے ہو پاتے ہیں۔

اگر بلاگ پڑھنے والا کسی ادارے میں ایڈمشن لینے کی معلومات لینے کے لیے ایک تعلیمی بلاگ پر آیا ہے تو ہو سکتا ہے کسی پرائویٹ کالج کا افیلیٹ پروگرام بلاگ بنانے والے نے لے رکھا ہو اور ایڈمشن کروا کا کمیشن لے لے۔ لیکن ایسے افیلیٹ پراگرام ملنے کے چانس بہت کم ہوتے ہیں۔

میں نے جو تیسری کیٹیگری کے لوگ بتائے ہیں، وہ یہ کام آسانی سے کر سکتے ہیں۔ لیکن اگر افیلیٹ مارکیٹنگ کے لیے ایک کامیاب بلاگ بنانا ہے تو نیچے بلاگ کی تیسری قسم بتا رہا ہوں، وہی آپ کے لیے سب سے بہتر ہے۔

3۔ تیسری قسم - نارمل بلاگنگ (سمارٹ ورک):

بلاگنگ کی یہ قسم خاص افیلیٹ مارکیٹنگ کے لیے ہے۔ جی ہاں! صرف افیلیٹ مارکیٹنگ کے مقصد کے لیے ہی اس قسم کی بلاگنگ کی جاتی ہے۔ اس پر ایڈز بھی لگا کر کمایا جاتا ہو اور افیلیٹ پراڈکٹس بکوا کر بھی کمایا جاتا ہے۔

ایسے بلاگ میں پہلی اور دوسری کیٹیگری کے لوگ ہی مکمل کامیاب رہتے ہیں۔ اس میں ارننگ جلدی سٹارٹ ہو سکتی ہے۔

مگر کیسے؟؟؟


آپ کو ایک بات یاد رکھنی ہے، بلاگ کی ارننگ اور افیلیٹ مارکیٹنگ کا ڈائریکٹ تعلق آپ کے بلاگ پڑھنے والے کی نیت اور ارادے سے ہے۔ اس لیے بلاگ میں آپ صرف ان لوگوں کے لیے لکھیں گے جو لوگ آپ کی نیش سے متعلقہ کوئی چیز خریدنا چاہتے ہیں۔

ایسے بلاگ میں زیادہ مشکل کانٹینٹ نہیں ہوتا اور نہ ہی بہت محنت لگا کر آرٹیکل کو تخلیق کیا جاتا ہے۔ بہت آسان اور کاپی پیسٹ میٹیریل بھی استعمال نہیں کیا جاتا۔ صرف ریسرچ اور کچھ تجربات کی بنیاد پر آپ ریڈرز کو کچھ خریدنے میں مدد کرتے ہیں اور افیلیٹ لنک کے ذریعے کوئی بھی پراڈکٹ یا سروس سیل کروا کے اپنا کمیشن کمالیتے ہیں۔

مثال کے طور پر ہم انٹرنیٹ کو چھوڑ کر فزیکل مارکیٹ کی ایک مثال دیکھ لیتے ہیں۔

تصور کریں کہ آپ کو بازار سے نئے کپڑے اور جوتے وغیرہ خریدنے میں بہت تجربہ ہے۔ مختلف موقعوں پر دوسرے لوگ آپ سے مشورہ لینے آتے ہیں۔ آپ کو پتہ ہے کہ فلاں برانڈ اچھا ہے اور فلاں بہت برا ہے۔ آپ اچھے اور برے برانڈ کی کوالٹی میں فرق، فائدے اور نقصان سب بتا سکتے ہیں۔ آپ ساتھ جا کر خریداری بھی کروا سکتے ہیں۔ ہو سکتا ہے جس دوکان پر آپ بار بار کسی نہ کسی کو لے جا کر خریداری کرواتے ہوں اس دوکان والے کو یہ لگے کہ اگر وہ آپ کو کمیشن دے تو آپ اس کی پراڈکٹ کو اور زیادہ بکوا سکتے ہیں۔ اس میں آپ دونوں کا فائدہ ہو گا۔ اس نے آپ سی ڈیل کر لی اور آپ اس کے افیلیٹ بن گئے۔

اب آپ کی مارکیٹ میں پہچان بن گئی، آپ نے چیزیں بکوانے کا کام شروع کردیا۔ آہستہ آہستہ دوسری دوکانوں نے بھی آپ سے رابطہ کرنا شروع کر دیا کہ ہم آپ کو زیادہ کمیشن دیں گے۔ آپ نے آہستہ آہستہ کافی ساری دکانوں کے مال بکوا کر کمیشن کمانا شروع کر دیا۔ یہ افیلیٹ مارکیٹنگ کا ہی حصہ ہے۔ یہیں سے آگے کئی میل اور فی میل نے گھر بیٹھے بزنس شروع کر لیا ہے۔ آہستہ آہستہ وہ ہول سیل مارکیٹ تک پہنچ کر باقائدہ بزنس شروع کر لیتے ہیں۔

یہ کام ہم انٹرنیٹ کے ذریعے کرتے ہیں تو ہمیں تھوڑا سا الگ طریقے سے کرنا پڑتا ہے۔ آن لائن چیز بکوانا اتنا آسان کام نہیں ہے۔
وجہ یہ ہے کہ گھر سے باہر نکل کر کام کرنا پاکستانی خواتین اور پڑھے لکھے لوگوں کو کافی مشکل لگتا ہے۔ وہ گھر بیٹھے کام شروع کرنا چاہتے ہیں۔ اس لیے انٹرنیٹ پر ایسے لوگوں کا بہت رش لگا ہوتا ہے۔ ایسے لوگوں نے اشتہارات کی بھرمار کی ہوئی ہوتی ہے۔ آج کل ایسے مارکیٹنگ کرنے والوں کو کوئی خاص توجہ نہیں ملتی۔ یہ وجہ ہے کہ میں آپ کو ان سب سے الگ ہو کر بلاگ کی طرف لانا چاہ رہا ہوں۔ کیونکہ یہ پڑھے لکھے لوگوں کا کام ہے اور اسے ہر کوئی نہیں کر سکتا۔

بلاگ بنانا ایک مستقل بزنس کی طرح ہوتا ہے۔ آپ ایک کامیاب بلاگ بنا لیتے ہیں تو آپ کو ہر وقت کام نہیں کرنا پڑتا بلکہ آپ کئی کئی دن بلکہ مہینوں تک آرام سے بغیر کام کیے گزارا کر سکتے ہیں۔ تب آپ کا بلاگ آپ کے بغیر بھی چل رہا ہوتا ہے، سیل ہو رہی ہوتی ہے اور کمیشن آرہا ہوتا ہے۔

تیسری قسم کا یہ بلاگ بالکل ایسا ہو گا کہ جس میں آپ نے صرف اور صرف لوگوں کو اپنی نیش کے مطابق پراڈکٹس، سروسز یا ایسی چیزوں کی معلومات دینی ہیں جو بکتی ہوں۔

آپ اپنے بلاگ پر دو ایک جیسی پراڈکٹ کا موازنہ یعنی کمپیریزن کریں گے۔ کسی ایک پراڈکٹ کے بارے میں مکمل معلومات یا ریویو بھی لکھیں گے۔

مثال کے طور پر آپ دو فیس واش کو کمپیئر کر سکتے ہیں، تین کمپنیز کی فیس کریم کو کمپیئر کر سکتے ہیں۔ آپ کسی ایک بیوٹی کریم کا ریویو لکھ سکتے ہیں، اور اس کے فائدے نقصان بتا سکتے ہیں۔

ضروری نہیں آپ انہی بیوٹی پراڈکٹ پر لکھنے لگ جائیں۔ یہ ایک مثال ہے۔ آپ نے جو نیش چنی ہو گی اس کی جو پراڈکٹس ہوں گی، آپ نے ان کے بارے میں لوگوں کو بتانا ہے۔

ریویو اور کمپیریزن کے بلاگ میں کیا کچھ لکھا جائے؟

آپ ایک چیز کا خیال رکھیں کہ آپ ایسے بلاگ پر صرف تین طرح کی بلاگ پوسٹ لکھیں گے:
کمپیریزن (موازنہ) یعنی ایک جیسی چیزوں میں فرق اور فائدے نقصان۔
ریویو - یعنی کسی بھی چیز(پراڈکٹ یا سروس) کے بارے میں مکمل معلومات۔
ٹیوٹوریل (سبق یا طریقہ کار) - مثال کے طور پر کوئی پراڈکٹ کیسے استعمال کی جاتی ہے یا کوئی کام کیسے کیا جاتا ہے۔

امید ہے کہ آپ کو سمجھ آ چکی ہو گی کہ افیلیٹ مارکیٹنگ میں آپ نے اپنے بلاگ پر کیا کرنا ہے اور کیوں کرنا ہے۔

آپ کسی بھی قسم کی بلاگنگ کریں، آپ کو فائدہ ہو گا۔ میں نےآپ کو افیلیٹ مارکیٹ کے حوالے سے کون سی بلاگنگ بہتر رہے گی، یہ بتایا ہے۔

اگر آپ کو میری یہ سیریز پسند آئے تو میری اس ویب سائٹ کے بارے میں دوستوں کو ضرور بتائیں۔

اس سیریز کی اگلی پوسٹ میں آپ بلاگ بنانے کے لیے کچھ ضروری ٹیکنیکل چیزوں کو سیکھیں گے۔

Post a Comment

Post a Comment (0)

Previous Post Next Post

Share My Website with Your Friends