Domain, Subdomain and Hosting with Blogger Theme In Urdu (اردو)

ڈومین، سب ڈومین، بلاگ تھیم اور ہوسٹنگ کی مکمل تفصیل


بلاگ یا ویب سائٹ کو انٹرنیٹ پر سب کے لیے آن لائن رکھنے کے لیے آپ کے پاس تین چیزیں، ڈومین، ہوسٹنگ اور اچھی تھیم ہونا بہت اہم ہیں۔ آپ باری باری ان تینوں کی تفصیل نیچے پڑھنے والے ہیں۔ یہ تین چیزیں مل کر ایک ویب سائٹ بنتی ہے۔

بلاگ کو آپ بالکل مفت بھی بنا سکتے ہیں، لیکن اگر ڈومین، ہوسٹنگ اور تھیم یا ٹیمپلیٹ پر آپ خرچہ کرتے ہیں تو آپ پروفیشنل طریقے سے اپنا کام کر سکتے ہیں۔

1۔ ڈومین: Domain

ایک ویب سائٹ کو دیکھنے کے لیے آپ اپنے براؤزر میں اس ویب سائیٹ کا لنک لکھ کر اسے کھولتے ہیں۔ مثال کے طور پر www.zohaibyaqoob.com ایک لنک ہے۔ اس لنک میں zohaibyaqoob.com ایک ڈومین ہے۔ یہاں ڈاٹ سے پیچے والا لفظ zohaibyaqoob اور آگے والا لفظ com دونوں مل کر ایک ڈومین بنتے ہیں۔

لفظ com. کو ہم ٹاپ لیول ڈومین کہتے ہیں۔ ملک کے حساب سے ویب سائٹ کا ایڈریس ہو تو ٹاپ لیول ڈومین ملک کے نام سے بھی رکھا جاتا ہے۔ جیسے پاکستان کے لیے pk. اور انڈیا کے in. ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ org. اور net. وغیرہ بھی ٹاپ لیول ڈومین ہیں۔ یہ ضروری نہیں کہ آپ ملک کے حساب سے ڈومین لیں۔ آج کل com. ہی سب سے زیادہ استعمال ہوتا ہے۔

ٹآپ لیول ڈومین سے پیچھے آپ کا سیکنڈ لیول ڈومین نیم Second Level Domain Name ہوتا ہے، جیسے www.zohaibyaqoob.com میں com. ٹاپ لیول ڈومین ہے اور zohaibyaqoob سیکنڈ لیول ڈومین نیم ہے۔ یہ دونوں مل کر ایک روٹ ڈومین نیم Root Domain Name بنتے ہیں، جسے ہم سادہ لفظوں میں ڈومین کہہ دیتے ہیں۔

انٹرنیشنل سطح پر سب سے زیادہ com. مشہور ہے اور اس کے بعد net. اور org. ہیں۔ یہ تین بہت زیادہ استعمال ہوتے ہیں۔ آرگنائزیشنز وغیرہ کے لیے org. ڈومین موجود ہیں، جبکہ نیٹ ورکنگ سے متعلقہ کمپنیاں net. ڈومین لے سکتی ہیں۔ پھر بھی زیادہ تر یہ آرگنائزیشنز اور نیٹ ورک کمپنیاں com. ڈومین استعمال کرنے لگ گئی ہیں۔

سب ڈومین: Subdomain

سب ڈومین اصل ڈومین کا حصہ ہوتے ہیں۔ مثال کے طور پر آپ اپنے گھر کو ایک ڈومین سمجھ لیں تو اس کے جتنے بھی کمرے ہیں وہ اس گھر کے سب ڈومین ہوں گے۔ آپ جتنے کمرے چاہیں بنا سکتے ہیں۔ گھر کے الگ الگ فرد کو ایک ایک کمرہ مخصوص کر کے دے سکتے ہیں کہ یہ کمرہ فلاں کا ہو گیا اور یہ فلاں کا ہو گیا۔ آپ ڈومین کے مالک ہوتے ہیں اور تمام سب ڈومین آپ کے اصل ڈومین کا حصہ ہوتے ہیں۔

اب اگر میرا ڈومین زوہیب یعقوب ڈاٹ کام ہے اور میں اس کا سب ڈومین بنالوں گا تو وہ سب ڈومین کیسا ہو گا؟ نیچے ایک تصویر ہے آپ اسے دیکھ کر سب سمجھ جائیں گے۔


میرے روٹ ڈومین نیم سے پیچھے جو لفط en ہے وہ میرے ڈومین کا ایک سب ڈومین ہے۔ اس en کے علاوہ کوئی اور لفظ بھی ہو سکتا ہے جیسے blog یا پھر urdu یا کوئی بھی لفظ۔ یہاں آپ pk بھی لکھیں گے تو وہ بھی ایک سب ڈومین ہی رہے گا۔ اگر pk اس لنک میں com کی جگہ پر آجائے تو ایک ٹاپ لیول ڈومین بن جائے گا، لیکن اگر pk کوبھی آپ en والی جگہ پر لکھیں گے تو وہ بھی سب ڈومین ہو گا۔
دیکھا جائے تو www.zohaibyaqoob.com میں www بھی ایک سب ڈومین ہی بنتا ہے مگر www کا مطلب ورلڈ وائڈ ویب world wide web ہوتا ہے۔ اس لیے اسے ہم ایک سب ڈومین کی طرح تصور نہیں کرتے بلکہ یہ پورا لنک ایک ڈومین ہی کہلاتا ہے۔

ایک ویب سائٹ یا بلاگ کا لنک ایک ڈومین بھی ہو سکتا ہے اور ایک سب ڈومین بھی ہو سکتا ہے۔ ڈومین ہو گا تو آپ کا آپ کی ویب سائٹ پر پورا حق ہو گا۔ آپ چاہیں تو جتنے مرضی سب ڈومین بنا لیں۔ لیکن اگر آپ کی ویب سائٹ کا لنک ایک سب ڈومین ہو گا تو وہ اصل ڈومین کے مالک کی مرضی سے استعمال کیا جا سکے گا۔ اصل ڈومین آپ کا ہو گا تو آپ مالک ہوں گے اور کسی اور انسان کا ہو گا تو آپ کی ویب سائٹ اس کی مرضی سے ہی چلے گی۔

البتہ ایک ڈومین کے سب ڈومین بنانے کی تعداد کی لمٹ بھی ہو سکتی ہے جو کہ ڈومین مہیا کرنے والی کمپنی نے لگائی ہوتی ہے۔ کچھ کمپنیاں 250 سب ڈومین کی اجازت دیتی ہیں، کچھ 500 اور کچھ اس سے مختلف۔

فولڈر: Folder

فولڈر ویب سائٹ کے لنک کے آگے ایک سلیش کے بعد والے لفظ ہوتے ہیں۔ جیسے:

https://www.zohaibyaqoob.com/p/online-earning-series.html

اس لنک میں ڈاٹ کام کے بعد ایک ایسی / سلیش ہے اور آگے جو p ہے وہ ایک فولڈر ہے۔ اس فولڈر میں ایک فائل ہے جس کا نام ہے online-earning-series.html۔ اب اس فائل کے نام کے آخر میں html. لکھا آرہا ہے جس کا مطلب ہے کہ یہ ایک html فائل ہے جو ویب سائٹ کے پیج کی فائل ہے۔

آپ اپنے کمپیوٹر میں جیسے فولڈر بناتے ہیں اور ان میں mp4 یا mp3 وغیرہ جیسی فائلز رکھ لیتے ہیں، بالکل ایسے ہی ویب سائٹ کی بھی فائلز ہوتی ہیں جو مختلف فولڈرز میں رکھی ہوتی ہیں۔

آپ کے ڈومین کا ایڈریس لوگوں کو ان فائلز تک پہنچا دیتا ہے۔ یہ فائلز ایک ہوسٹنگ سرور پر رکھی ہوتی ہیں جس کے متعلق آپ اسی پوسٹ میں آگے چل کر پڑھیں گے۔

https اور http

ایچ ٹی ٹی پی ایس اور ایچ ٹی ٹی پی (https and http) پروٹول ہیں۔ http نارمل ہوتا ہے جبکہ https بہت محفوظ اور سیکیور ہوتا ہے۔ اس کی تفصیل ہمارے ٹاپک کا حصہ نہیں ہے۔ صرف اتنا جاننا ضروری ہے کہ اگر آپ کی ویب سائٹ کا لنک https سے شروع ہوتا ہے تو آپ کی ویب سائٹ پر لوگ زیادہ اعتبار کریں گے۔ میری ویب سائٹ بھی کچھ ایسے ہے:

https://www.zohaibyaqoob.com


یہ مکمل لنک ایک یو آر ایل URL کہلاتا ہے۔ اوپر والی تصویر میں آپ اس Link یا URL کے پیچھے ایک بند تالہ بنا ہوا دیکھ سکتے ہیں، جو اس چیز کی علامت ہے کہ یہ ویب سائٹ سیکیور Secure ہے اور اس پر آنے والے لوگوں کے حساس ڈیٹا کی چوری کا خطرہ کم ہے۔ جیسے آپ اپنے بینک کے ڈیبٹ کارڈ کی معلومات دے کر https والی ویب سائٹ سے کچھ خریدنا چاہیں تو کارڈ کا ڈیٹا سیکیور رہے گا۔

https اکثر لنک کے ساتھ لکھا نظر نہیں آتا مگر جب آپ اس لنک پر کلک کرتے ہیں تو پورا یو آر ایل واضح ہو جاتا ہے۔ اگر آپ ساتھ بند تالہ بنا ہوا دیکھ لیں تو اس کا مطلب بھی یہی ہے کہ یہ ویب سائٹ ایچ ٹی ٹی پی ایس کے ذریعے محفوظ ہے۔


اکثر ڈومین ہوسٹنگ مہیا کرنے والی کمپنیاں آپ کو https کی سہولت مفت بھی دے دیتی ہیں۔ اس کے علاوہ بھی کچھ مفت طریقہ کار موجود ہیں۔ یہ سروس خریدی بھی جاتی ہے اور کہیں نہ کہیں سے مفت بھی مل جاتی ہے۔

ڈومین رجسٹریشن کمپنیاں:

ڈومین رجسٹریشن کے لیے انٹرنیٹ پر بہت ساری کمپنیاں موجود ہیں۔ میں نے اپنا ڈومین گوڈیڈی Godaddy نام کی ایک ویب سائٹ سے لیا ہے۔ وہاں ہوسٹنگ بھی ملتی ہے مگر میں ان کی ہوسٹنگ سے مطمئن نہیں رہا اس لیے ان سے صرف ڈومین لیا ہے۔ میری نظر میں گوڈیڈی ڈومین رجسٹریشن کے لیے بہترین ویب سائٹ ہے۔

ڈومین کی قیمت ایک سال کے حساب سے ہوتی ہے۔ یعنی اس کے سالانہ چارجز ہوتے ہیں۔ ڈومین آپ مستقل طور پر اپنے نام پر نہیں خرید سکتے بلکہ جب تک آپ سالانہ فیس ادا کرتے رہیں گے، آپ کی ویب سائٹ آپ کے نام پر چلتی رہے گی۔ آپ چاہیں تو اکٹھی پانچ سال کی رجسٹریشن بھی کروا سکتے ہیں۔ اس کے بعد مزید فیس ادا کر کے جتنے سال چاہیں مدت آگے بڑھا لیں۔

گوڈیڈی آپ کو پہلے سال کے لیے بہت کم قیمت پر ڈومین دے دیتا ہے۔ آپ گوگل پر گوڈیڈی لکھ کر سرچ کرکے ان کی ویب سائٹ پر جا کر اپنا پسندیدہ ڈومین تلاش کر سکتے ہیں۔

2۔ ہوسٹنگ: Hosting

آپ اپنی ویب سائٹ کی فائلز کو جہاں سٹور کرتے ہیں، اسے ہوسٹنگ کہتے ہیں۔ آپ اپنے گھر کے کمپیوٹر پر ویب سائٹ کی فائلز رکھ کر انٹرنیٹ پر نہیں دکھاتے بلکہ انٹرنیٹ پر ایسی کمپنی سے ہوسٹنگ لیتے ہیں جن کے پاس ہر وقت چلتے رہنے والے ہائی سپیڈ کمپیوٹرز، اور تیز ترین انٹرنیٹ ہوتا ہے۔

آپ کا ڈومین آپ کی ہوسٹنگ کے ساتھ منسلک کر دیا جاتا ہے۔ آپ چاہیں تو ایک ہی کمپنی سے ڈومین اور ہوسٹنگ لے سکتے ہیں اور اگر آپ چاہیں تو ڈومین ایک کمپنی سے لے لیں، ہوسٹنگ کسی اور اچھی کمپنی سے لے لیں۔ اس کے بعد ڈومین کو ہوسٹنگ کے ساتھ کانیکٹ کرلیں۔ ساتھ ہی https کی سروس خرید کر یا کہیں سے مفت لے کر ڈومین کے ساتھ کانیکٹ کرلیں۔ اگر https نہ بھی لیں تو بھی آپ کی ویب سائٹ کا بنیادی سیٹ اپ مکمل ہو چکا ہو گا۔

اس پوسٹ میں ان تمام چیزوں کا طریقہ کار موجود نہیں ہے بلکہ آپ کو مکمل معلومات دی جا رہی ہیں۔

ہوسٹنگ کے لیے تین مشہور ہوسٹنگ کے طریقے:

ڈیڈیکیٹڈ: Dedicated

اگر آپ چاہتے ہیں کہ آپ کسی بڑے ملک جیسے امریکہ وغیرہ میں ایک ایسا کمپیوٹر کرائے پر لے لیں جسے آپ یہیں سے گھر بیٹھے بیٹھے انٹرنیٹ کے ذریعے استعمال کر سکیں، اس پر اپنی ویب سائٹ کو ہوسٹ کر سکیں اور وہ کمپیوٹر ہائی سپیڈ انٹرنیٹ سے کانیکٹ ہو تو اسے ہم ڈیڈیکیٹد سرور کہتے ہیں۔

بڑی بڑی کمپنیاں آپ کو ڈیڈیکیٹڈ سرور ماہانہ کرائے پر دے دیتی ہیں۔ آپ اس کے اکیلے مالک ہوتے ہیں۔ ان کی قیمت ہوسٹنگ کے باقی طریقوں سے کافی زیادہ ہوتی ہے۔ لیکن اس طرح سے ویب سائٹ کی سپیڈ بہت تیز ہوتی ہے کیونکہ صرف آپ کی ویب سائٹ ہی اس پر ہوسٹ ہو رہی ہوتی ہے۔ آپ کے علاوہ کوئی اور آپ کے ڈیڈیکیٹڈ سرور کو آپ کی اجازت کے بغیر استعمال نہیں کر سکتا۔

ہاں! آپ اپنے ڈیڈیکیٹڈ سرور کو صرف انٹرنیٹ کے ذریعے استعمال کر سکتے ہیں، اسے گھر نہیں منگوا سکتے۔ اسے کمپنی والے مینیج کرتے ہیں۔ اس کے لیے بجلی، انٹرنیٹ اور دیگر چیزوں کا معاملہ کمپنی کے ذمہ ہوتا ہے۔

ورچوائل پرائویٹ سرور: VPS (Virtual Private Server)

فرض کریں کہ آپ کے پاس ایک ڈیڈیکیٹڈ سرور ہے۔ اس میں 16GB کی ریم (RAM) لگی ہے اور 160GB کی سٹوریج یعنی ہارڈ ڈسک (Hard Disk) یا ایس ایس ڈی (SSD) لگی ہوئی ہے۔ آپ چاہتے ہیں کہ آپ اسے چار لوگوں میں بالکل برابر تقسیم کر دیں اور سب اس سرور کا چوتھا چوتھا حصہ استعمال کریں۔ چاروں اپنی اپنی ویب سائٹ کو ہوسٹ کرنا چاہتے ہیں۔ چاروں لوگوں کو استعمال کے لیے چار چار جی بی ریم اور چالیس چالیس جی بی سٹوریج مل جائے گی۔ یعنی اب یہ سرور چار لوگوں کے استعمال میں ہے۔ آپ ایسا کہہ سکتے ہیں کہ سرور کے ریسورسز Resources بانٹ دیے گئے ہیں۔ ان چاروں لوگوں کے لیے یہ ہوسٹنگ ایک ورچوائل پرائویٹ سرور والی ہوسٹنگ کہلائے گی۔

اس طرح سے ویب سائٹ ہوسٹ کروانے کا خرچہ پورا ڈیڈیکیٹڈ سرور لینے سے کم ہوتا ہے۔ یعنی Resources بانٹنے سے خرچہ بھی بانٹا جاتا ہے۔

ہاں اگر ویب سرور کے انٹرنیٹ کی سپیڈ اتنی ہے کہ ایک گھنٹے میں چار لاکھ لوگوں کو ویب سائٹ کا پیج دکھایا جا سکتا ہے تو اب چار لوگوں کی ویب سائٹ میں سے ہر ویب سائٹ کو ایک گھنٹے میں ایک ایک لاکھ لوگ دیکھ سکیں گے۔ ویب سائٹ کی سپیڈ کا انحصار بھی سرور کے ریسورسز پر ہوتا ہے۔

ویب سائٹ کی سپیڈ کو آپٹیمائز کرنے کے اور طریقے بھی ہیں۔ مثال کے طور پر آپ نے ویب سائٹ کے کسی پیج پر ایک چھوٹی سی تصویر لگانی ہے تو آپ 10MB کی تصویر کو آپٹیمائز کر کے اس کا سائز صرف 10KB تک کر سکتے ہیں۔ جو شخص آپ کی ویب سائٹ دیکھتا ہے وہ دراصل آپ کی ہوسٹنگ سے آپ کی ویب سائٹ کا ڈیٹا ڈاؤن کر رہا ہوتا ہے۔ اس وقت آپ بھی یہ پوسٹ پڑھ رہے ہیں تو یہ سرور سے ڈیٹا ڈاؤنلوڈ ہو کر آپ تک پہنچا ہے۔ جیسے آپ اپنا انٹرنیٹ کسی اور سے شیئر کریں گےتو سپیڈ بھی کم ہو گی اور ڈیٹا پیکیج بھی جلدی ختم ہو گا، ایسے ہی ہوسٹنگ کے بھی ریسورسز استعمال ہوتے ہیں۔ آپ بڑی فائل کی بجائے چھوٹے سائز کی فائل کو جلدی اور آسانی سے بھیج اور وصول کر سکتے ہیں۔

شیئرڈ ہوسٹنگ: Shared Hosting

شیئرڈ ہوسٹنگ کے نام سے ہی پتہ چل رہا ہے کہ ایسی ہوسٹنگ کئی لوگوں کے ساتھ شیئر کی جا رہی ہوتی ہے۔ ایسی ہوسٹنگ کے تمام ریسورسز کئی ویب سائٹس میں تقسیم ہو رہے ہوتے ہیں۔ بعض اوقات آپ کی ویب سائت کے علاوہ باقی ویب سائٹس اتنا زیادہ ریسورسز کو استعمال کر رہی ہوتی ہیں کہ آپ کی ویب سائٹ انتہائی آہستہ ہو جاتی ہے۔ آپ کی ویب سائٹ پر آنے والے لوگ آپ کی ویب سائٹ کو صرف سپیڈ آہستہ ہونے کی وجہ سے پسند کرنا چھوڑ سکتے ہیں۔

شیئرڈ ہوسٹنگ بہت سستی ہوتی ہے۔ لیکن اس کی سپیڈ بہت کم ہوتی ہے۔ ہاں! کچھ کمپنیاں ذرا اچھی شیئرڈ ہوسٹنگ دیتی ہیں مگر جب آپ کی ویب سائٹ پر لوگ زیادہ آنے لگ جاتے ہیں تو آپ کو ورچوائل پرائویٹ سرور یا ڈیڈیکیٹڈ سرور لینا ضروری ہو جاتا ہے۔

اس وقت زیادہ تر لوگ شیئرڈ ہوسٹنگ ہی لیتے ہیں۔ شروع میں یہ آپ کے لیے ٹھیک ہوتی ہے مگر آہستہ آہستہ جیسے جیسے آپ کی ویب سائٹ مشہور ہوتی ہے، آپ کے لیے ہوسٹنگ کو اپگریڈ کرنا ضروری ہو جاتا ہے۔

اس کے علاوہ کلاؤڈ ہوسٹنگ (Cloud Hosting) بھی کافی مشہور ہے۔ کلاؤڈ ہوسٹنگ میں بھی VPS کی طرح آپ کو ریسورسز ملتے ہیں لیکن یہاں آپ کو کسی ایک ڈیڈیکیٹڈ سرور کے ریسورسز نہیں ملتے، بلکہ کئی سرورز سے آپ کو ریسورسز مل جاتے رہے ہوتے ہیں۔ اسے کلاؤڈ ہوسٹنگ کہتے ہیں۔ گوگل کلاؤڈ، امیزون ویب سروسز اور دیگر کافی سارے آپشن بھی موجود ہیں۔

ہوسٹنگ کمپنیز

ہوسٹنگ مہیا کرنے والی بہت ساری کمپنیاں موجود ہیں۔ ان میں Bluehost, Dreamhost, Siteground اور دیگر کمپنیاں شامل ہیں۔ اس وقت یہ تین کمپنیاں بہت اچھی سروس دے رہی ہیں۔ گوڈیڈی اور باقی کمپنیاں میرے حساب سے ان سے بہت پیچھے ہیں۔

بلاگ بنانے کے لیے مخصوص پلیٹ فارم اور ہوسٹنگ:

اب ہم آتے ہیں اپنے افیلیٹ بلاگ بنانے کی طرف۔ بلاگ کے لیے ہمیں ڈومین اور ہوسٹنگ کس طرح کی چاہئے؟

اب تک آپ نے ایک ویب سائٹ کے لیے ڈومین، سب ڈومین اور ہوسٹنگ کے بارے میں پڑھ لیا ہے۔ بلاگ بھی ایک ویب سائٹ ہوتی ہے۔ اس لیے ہمیں بلاگ کے لیے ڈومین اور ہوسٹنگ کی ضرورت تو پڑے گی۔

لیکن بلاگ کے لیے کچھ بڑی بڑی کمپنیاں سپیشل بلاگ ہوسٹنگ دیتی ہیں جنہیں ہم بلاگنگ پلیٹ فارم کہتے ہیں۔ آپ کو بلاگ بنانے کے سارے ٹولز مل جاتے ہیں۔ ڈومین کانیکٹ کرنے کا آپشن بھی ہوتا ہے اور فائلز سٹور کرنے کی جگہ بھی ہوتی ہے۔

اس وقت پلیٹ فارم سب سے بہترین ہیں۔ نیچے دونوں کے بارے میں معلومات موجود ہیں۔

ورڈ پریس: WordPress

ورڈ پریس اس وقت دنیا میں بہت مشہور ہے۔ ورڈ پریس بلاگ بنانے کے لیے پلیٹ فارم ہے لیکن اس کے ساتھ ساتھ آپ کو ای کامرس اور پراڈکٹس کو بیچنے کے لیے بھی بہت زیادہ آپشن ملتے ہیں۔

ورڈ پریس پر بلاگ بنانے کے دو طریقے ہیں۔

1. ورڈ پریس ڈاٹ کام پر wordpress .com آپ کو صرف اکاؤنٹ بنانا پڑتا ہے اور آپ کا بلاگ مفت بن جاتا ہے۔ لیکن اگر آپ اپنا ڈومین ساتھ کانیکٹ کرنا چاہتے ہیں اور پروفیشنل طریقے سے بلاگ بنانا چاہتے ہیں تو ورڈ پریس کے کچھ ماہانہ پیکیج ہیں، آپ وہ لے لیں گے تو کافی سارے فیچرز مل جاتے ہیں۔

ورڈ پریس آپ کو ایک مفت سب ڈومین دیتا ہے۔ ڈومین تو پیسوں سے ملتا ہے لیکن سب ڈومین مفت دیا جا سکتا ہے۔ آپ اس سب ڈومین پر بلاگ بنا سکتے ہیں۔ لیکن سب ڈومین کا آپ کو خاص فائدہ نہیں ہوتا۔ آپ کا بلاگ پروفیشنل نہیں لگتا۔

2. اگر آپ کو ورڈ پریس ڈاٹ کام کا بلاگنگ پلیٹ فارم مہنگا لگتا ہے، یا کسی اور وجہ سے پسند نہیں آتا، تو ورڈ پریس کی ایک اور ویب سائٹ بھی ہے۔ آپ ورڈ پریس ڈاٹ او آر جی wordpress .org ویب سائٹ پرجا کر ورڈ پریس کا پورا سسٹم (سکریپٹ / Script) ڈاؤنلوڈ کر سکتے ہیں۔

آپ کسی بھی دوسری کمپنی سے ہوسٹنگ لے لیتے ہیں تو آپ وہاں ورڈ پریس کا یہ سکریپٹ سافٹویئر کی طرح انسٹال کر سکتے ہیں۔ آج کل ویب ہوسٹنگ کمپنیاں آپ کو ہوسٹنک کے ساتھ ہی ورڈ پریس کی انسٹالیشن کی مفت سروس بھی دے دیتی ہیں۔ ہوسٹنگ اکاؤنٹ کے اندر ہی ورڈ پریس انسٹال کرنے کا آپشن مل جاتا ہے۔

گوگل بلاگر: Blogger by Google

گوگل ایک لمبے عرصے سے بلاگر کے نام سے آپ کو بلاگ بنانے کا مفت پلیٹ فارم مہیا کر رہا ہے۔ لاکھوں یا شائد کروڑوں ویب سائٹ اس وقت بلاگر پر چل رہی ہیں۔ یہ بالکل مفت ہے۔

میری یہ ویب سائٹ بھی اس وقت بلاگر پر چل رہی ہے۔ وجہ یہ ہے کہ میری ضرورت کے حساب سے مجھے یہ پلیٹ فارم سب سے زیادہ پسند آیا ہے۔ میں آپ کو وجہ بتا دیتا ہوں۔

بلاگر گوگل کی سروس ہے اور گوگل کی سپیڈ دنیا میں سب سے تیز ہے۔ میں نے اوپر آپ کو جتنے بھی ہوسٹنگ کے طریقے بتائے ہیں، ان پر آپ پیسے لگا کر بھی بعض اوقات مطمعن نہیں ہوتے۔ مگر گوگل کے بلاگر پر بلاگ بنا کر آپ انتہائی تیز ترین سپیڈ حاصل کر لیتے ہیں۔ شاید ہی کبھی کوئی مسئلہ ہوا ہو گا لیکن جب سے میں اسے استعمال کر رہا ہوں یہ بہت ہی زبردست چل رہا ہے۔

گوگل بلاگر کی خاص بات:

گوگل بلاگر آپ کو بلاگ سپاٹ ڈاٹ کام کا مفت سب ڈومین دے دیتا ہے۔ ڈومین کے بغیر اگر آپ مفت سب ڈومین لینا چاہیں تو گوگل آپ کو جو سب ڈومین دے گا وہ بہت پر اعتماد اور محفوظ ہو گا۔ یہ والا سب ڈومین بے شک پرفیشنل نہ لگے لیکن اس کے فائدے کافی ہیں۔ مثال کے طور پر آپ بہت ہی آسانی کے ساتھ گوگل ایڈسنس کو حاصل کر کے اپنے فری بلاگ پر اشتہارات لگا کر پیسے کما سکتے ہیں۔

گوگل بلاگر کے ساتھ آپ اپنا ڈومین بھی کانیکٹ کر سکتے ہیں۔ آپ نے صرف گوڈیڈی یا کہیں سے بھی ڈومین خریدنا ہے اور بلاگر کے ساتھ لگا دینا ہے۔ بلاگر آپ سے کسی قسم کے چارجز نہیں مانگتا۔

ہاں بلاگر میں آپ کو بلاگنگ کرنے کے دوران بہت زیادہ آپشن نہیں ملتے۔ آپ کو صرف ایک بلاگ بنانے کی سہولت مل جاتی ہے۔ آپ تھوڑی سی محنت کر کے اپنی ویب سائٹ کو بلاگر پر ہی پروفیشنل بنا سکتے ہیں۔

ورڈ پریس اور بلاگر کے علاوہ بھی بہت سارے پلیٹ فارم ہیں۔ لیکن سب سے بہتر یہی ہیں۔ اگر آپ بالکل نئے ہیں اور مفت سے سٹارٹ اپ لینا چاہتے ہیں تو بلاگر سے بہتر پلیٹ فارم دنیا میں کوئی نہیں ہے۔

3۔ ایک اچھی بلاگ کی تھیم، ٹیمپلیٹ یا ڈیزائن۔ Theme / Template

تھیم اور ٹیمپلیٹ میں زیادہ فرق نہیں ہے۔ تھیم ویب سائٹ کا ڈیزائن ہوتا ہے جبکہ ٹیمپلیٹ لے آؤٹ کو کہتے ہیں۔ بولتے وقت ہم دونوں لفظوں کا ایک ہی مطلب لےلیتے ہیں۔

ورڈ پریس کی تھیم آپ کو ہزاروں مل جائیں گی اور ایک سے بڑھ کر ایک مل جائیں گی۔ ورڈ پریس پر ویب سائٹ یا بلاگ بنانے کے لیے بے شمار ریسورسز موجود ہیں۔ ان میں مفت بھی ہوں گی اور خریدی بھی جاسکیں گی۔ ورڈ پریس کی تھیم خریدے بغیر بھی کسی مفت والی تھیم سے گزارا ہو جاتا ہے۔

گوگل بلاگر کے لیے بلاگر میں اپنی کافی ساری مفت تھیمز موجود ہیں۔ اگر آپ پورفیشنل تھیم خریدنا چاہیں تو مل تو جائیں گی مگر بہت کم ملیں گی۔ بلاگر صرف ایک بلاگ کا پلیٹ فارم ہے، اسے کسی اور مقصد کے لیے استعمال کرنا مشکل ہوتا ہے، اس لیے اس کی تھیم بنتی بھی کم ہیں اور بکتی بھی کم ہیں۔

اگر آپ ویب سائٹ کا کوڈ لکھنا جانتے ہیں تو اپنی تھیم خود بنا سکتے ہیں۔ لیکن اگر آپ یہ سب نہیں جانتے تو آپ کو بنی بنائی تھیم ہی لینی پڑتی ہے، جسے بعد میں اپنے حساب سے ایڈیٹ کیا جا سکتا ہے۔

مفت تھیمز:

جب آپ مفت تھیمز لیتے ہیں تو ان میں کافی سارے آپشن موجود نہیں ہوتے۔ بعض تھیم دینے والوں کی شرط ہوتی ہے کہ آپ کی ویب سائٹ کے پیج کے نیچے ہماری ویب سائٹ کا ایک لنک ہونا چاہئے تب آپ اس تھیم کو استعمال کر سکتے ہیں۔ کچھ مفت تھیمز پروفیشنل بھی نہیں لگتیں۔ کچھ تھیمز اچھی بھی مل جاتی ہیں۔

پریمیئم تھیمز:

 جو تھیم آپ خریدتے ہیں وہ بہت فائدہ مند ہوتی ہیں۔ ایسی تھیم پر آپ کی پوری ملکیت ہوتی ہے۔ آپ جیسے دل چاہے اس میں تبدیلی کر سکتے ہیں۔ آپ کو بہت زیادہ آپشن اور فیچر مل جاتے ہیں۔ آپ کی ویب سائٹ نظر آنے میں بہت ہی پروفیشنل لگتی ہے۔

اگر آپ گوگل بلاگر کے لیے ایک پروفیشنل اور پریمیئم تھیم لینا چاہتے ہیں تو مجھ سے بھی لے سکتےہیں۔ اگر آپ میرے بلاگ کے پریمیئم ممبر ہیں تو آپ کے لیے تھیم اور دیگر تمام ریسورسز بالکل مفت ہوں گے۔ یہاں پر کلک کر کے آپ میرے بلاگ کی پریمیئم ممبرشپ حاصل کر سکتے ہیں۔ اگر آپ صرف تھیم حاصل کرنا چاہتے ہیں تو آپ اسی پریمیئم ممبرشب والے پیج پر جا کر وہاں موجود میرے نمبر پر واٹس ایپ کر کے مجھ سے تھیم لے سکتے ہیں۔

حرف آخر:

اس پوسٹ میں آپ نے ڈومین، سب ڈومین، ہوسٹنگ اور بلاگ بنانے کے پلیٹ فارم کے بارے میں پڑھا۔ آپ نے بلاگ کی تھیم کے بارے میں جانا اور ایک بلاگ بنانے کے لیے جو جو ضروری معلومات تھیں وہ سب پڑھ لیں ہیں۔

اگلی پوسٹ پریکٹیکل پوسٹ ہو گی۔ آپ میرے ساتھ ساتھ باقائدہ اپنے بلاگ کو بنانے کا آغاز کریں گے۔ آپ میرا فیس بک گروپ بھی جوائن کر سکتے ہیں، جہاں میں نئے بلاگر کے لیے ایک کمیونٹی بنا رہا ہوں اور بہت قیمتی معلومات شیئر کرنے کا ایک گروپ بنانا چاہ رہا ہوں۔ لنک آپ کو نیچے مل جائے گا۔

اگر آپ کو میرا یہ نیک کام پسند آئے میری اس ویب سائٹ کو زیادہ سے زیادہ لوگوں کے ساتھ شیئر کریں۔ شکریہ۔

اگلی پوسٹ: لنک جلد ہی یہاں پر موجود ہو گا۔

Post a Comment

Post a Comment (0)

Previous Post Next Post

Share My Website with Your Friends